کاروار:14؍ مارچ (ایس اؤ نیوز )اخبار کو گھر گھر پہنچانے سےلےکر ایک اخبار کے مالک و مدیر بننے تک کا کٹھن راستہ محنت ومشقت سے طئے کرنےوالے اترکنڑا ضلع کے بےباک، عوامی و سماجی فکر رکھنے والے، سکیولر شناخت کے حامل ، ایمانداری اور دیانتداری کےلئے مشہور و معروف کنڑا روزنامہ ’’کراولی منجاؤ‘ کے مینجنگ ایڈیٹر گنگا دھر ہیرے گتی کووزیراعلیٰ نے ریاست کے مشہور ’موہرے ہنومنت رائے ‘ ایوارڈاور اسی اخبار کے ورکنگ ایڈیٹر ٹی بی ہری کانت کو سال 2022کے کرناٹکا میڈیا اکیڈمی ایوارڈ سے نوازتے ہوئے ان کی تہنیت کی ہے۔
بنگلورو کے رویندر کلا اکشھترا ہال میں محکمہ ذرائع ابلاغ عامہ اور کرناٹکا میڈیا اکیڈمی کے اشتراک سے منعقدہ صحافتی پروگرام میں پچھلے چار برسوں کے ٹی ایس آر، موہرے ہنومنت رائےاور میڈیا اکیڈمی ایوارڈ سمیت کل 175صحافتی میدان میں سرگرم مدیر و اخبارنویسوں کوایوارڈ سے نوازا گیا۔
کاروار اور گواسے شائع ہونےو الے کنڑا روزنامہ ’کروالی منجاؤ‘ کے بانی مینجنگ ایڈیٹر گنگا دھر ہیرے گتی کوسال 2016کے موہرے ہنومنت رائے ایوارڈمع سندو نقد 2لاکھ روپئے اور ورکنگ ایڈیٹر ٹی بی ہریکانت کو سال 2022کے کرناٹکا میڈیا اکیڈمی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ایک ہی ڈائس پر کروالی منجاؤ کے میجنگ ایڈیٹر اور ورکنگ ایڈیٹر کو ریاستی سطح کے ایوارڈ سے نوازاجانا اترکنڑا کی صحافت کے لئے فخریہ مقام ہے اور عوامی فکر کی صحافت کی تصدیق کئے جانے کی بات کہی جارہی ہے۔ جب کہ سال 2017اور2018کےلئے بالترتیب ٹمکور کے پرجا پرگتی کے مدیر ایس ناگنا اور دکشن کنڑا ضلع کے سدی اخباری کے مدیر یو پی شیوانند کو منتخب کرتےہوئےایوارڈ سےنوازاگیا ہے۔
ایوارڈنوازنے کے بعد خطاب کرتےہوئےوزیر اعلیٰ بسوراج بومائی نے رائے پیش کی کہ میڈیا اکیڈمی صرف ایوارڈ دینےکی حد تک محدود نہ رہے بلکہ تحقیقی مطالعہ پر بھی زور دے اور صحافت کو ترقی کی راہ پر لے جانےکی کوشش کرے۔ انہوں نے اس بات کی بھی صلاح دی کہ صحافت اور صحافی صرف واچ ڈاگ ہی نہ بنے بلکہ اس کے ساتھ نائٹ ڈاگ کے طورپر بھی کام کرے۔ صحافیوں اور سیاست دانوں کےتعلقات کو میاں بیوی کے رشتہ کی مثال دیتےہوئے وزیرا علیٰ نےکہاکہ جس طرح میاں بیوی ایک دوسرے کو چھوڑ کر نہیں رہ سکتےبالکل اسی طرح سیاست دانوں کو بھی اخبارات اور صحافیوں کے بغیر رہنا ممکن نہیں ہے۔انہوں نے پوچھا کہ اخبارات نہیں ہونگے تو پھر سیاست دانوں کی خبریں عوام تک کون پہنچائے گا۔آگے کہا کہ سیاست دانوں کے بغیر صحافت بھی ادھوری ہے۔ اس موقع پر وزیرآر اشوک، صنعت کار وجئے شنکیشور، میڈیا اکیڈمی کے صدر سداشیو شنئی ، وزیر اعلیٰ کے چیف سکریٹری منجوناتھ پرساد ، ڈاکٹر پی ایس ہرشا وغیرہ موجود تھے۔
